کراچی(اے پی اے ) اسٹیٹ بینک نے انفلیشن مانیٹر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان پاکستان کا سب سے مہنگا اور لاہور سب سے سستا شہر ہے۔ انفلیشن مانیٹر میں پاکستان کے چالیس شہروں میں غذائی اشیا کی قیمتوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں جولائی کے دوران مہنگائی کی شرح تقریبا چودہ فیصد رہی، جبکہ غذائی اشیا کی قیمتوں میں سولہ اعشاریہ سات فیصد اور غیرغذائی اشیا کی قیمتوں میں بارہ فیصد اضافہ ہوا۔ مہنگائی کے اعتبار سے مٹھی دوسرے نمبر پر رہا، جہاں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں تیرہ اعشاریہ دو فیصد اضافہ ہوا۔ مردان میں مہنگائی تیرہ فیصد، پشاور میں گیارہ فیصد، کوئٹہ میں نو اعشاریہ دو فیصد، کراچی میں آٹھ اعشاریہ دو فیصد اور اسلام آباد میں مہنگائی سات اعشاریہ چھ فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ لاہور میں مہنگائی کی شرح صرف پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔