لاہور(کامرس رپورٹر) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن( پی آئی اے) موجودہ خستہ حالی کا شکار غلط سیاسی فیصلوں کی وجہ سے ہوئی ہے اوراسی لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف قومی ایئر لائن کے حالات میں بہتری لانے کے لئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے قوم کا فخر ہے اور اسے خسارے سے نکال کر منافع بخش قومی ادارہ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پی آئی اے کی مختلف ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔حمزہ شہبازنے کہا کہ قومی اداروں کو سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر صرف اور صرف قومی مفاد کو پیش نظر رکھ کر ہی بچایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا بجلی کا بحران اور دہشتگردی کا خاتمہ موجودہ حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں ماضی میں پی آئی اے نہ صرف ایک منافع بخش ادارہ تھا بلکہ اس کی اعلی کوالٹی کی دنیا بھر میں مثالیں دی جاتی تھیں مگر اقرباء پروری ،کرپشن ، بدعنوانی نے اس ادارے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔