لاہور+ فیصل آباد(خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے حق میں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز ریلیاں نکالی گئیں اور ان رہنمائوں کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ لاہور میں مسلم لیگی کارکنوں کی تنظیم شہباز شریف سیکرٹریٹ میں اپنے لیڈروں نواز شریف اور شہباز شریف کی حمایت میں میدان میں نکل آئے۔ تنظیم کے سربراہ نوشاد حمید کی قیادت میں گزشتہ روز مسلم لیگی کارکنوں نے آزادی چوک سے داتا دربار تک ریلی نکالی جس میں کارکنوں نے ہاتھوں میں بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن میں نوازشریف، شہباز شریف کی حمایت میں نعرے درج تھے جبکہ ریلی کے شرکاء نے عمران خان، ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف نعرے بازی کی۔ شرکاء میں سردار نسیم، بودی پہلوان، محمود الحسن ملک، امجد بٹ، شیخ شاہد اقبال، صابر طور نمایاں تھے جبکہ خواتین کارکنوں میں زبیدہ بھٹی بھی شریک تھیں۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں انقلاب مارچ اور آزادی مارچ کی جانب سے پارلیمنٹ کے گھیراؤ پر فیصل آباد کے مسلم لیگی کارکنوں کا سمندر امڈ آیا اور وزیراعظم کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔ عمران خان اور طاہرالقادری کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ وزیراعظم قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ فیصل آباد مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں نے گھنٹہ گھر اکٹھے ہوئے کارکن مختلف علاقوں سے ریلیوں کی شکل میں آئے تھے۔ ریلیوں میں کارکن موٹرسائیکلوں، کاروں پر سوار تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علاقہ کے قائدین نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف کو قوم نے ووٹوں کے ذریعے منتخب کیا ہے۔ تحریک انصاف کو گیارہ مئی کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ عمران خان اپنے خوابوں کی تعمیر کرنے کے لئے چند ہزار لوگوں کو اکٹھا کر کے وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔ ہم میاں نوازشریف کے جانثار سپاہی ہیں۔ ریلیوں میں شریک افراد وقفہ وقفہ سے ن لیگ کے نعرے لگاتے رہے اور اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کے نعرے لگاتے رہے۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن کے درجنوں کارکنوں نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء چوک فوارہ پہنے اور وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سٹی صدر بہاولپور ملک محمد اعجاز چنڑ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے جوائنٹ سیکرٹری شبیر حسین ڈار کی زیرقیادت میاں نوازشریف سے اظہاریکجہتی اور اسلام آباد میں لانگ مارچوں، سول نافرمانی کی تحریک کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی تھانہ چوک کمالیہ میں پہنچ کر احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کرگئی۔ ریلی کے شرکاء سے شبیر حسین ڈار ضلعی جوائنٹ سیکرٹری، شہزاد عامر چوہدری، تحصیل صدریوتھ ونگ چوہدری شہباز سیلمان، نائب صدر یوتھ ونگ بابر علی قادری، جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ نے خطا ب کرتے ہوئے کہا عمران خان کے آزادی مارچ اور طا ہر القادری کے انقلاب مارچ کے چند ہزار لو گ جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کر سکتے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی قیادت میں کارکنوں نے وزیراعظم نوازشریف کی حمایت میں ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء نے وزیراعظم کی حق میں نعرے لگائے۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر وزیراعظم کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مسلم لیگ کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلی کیلئے وزیراعظم نے کوئی ہدایت نہیں دی تھی۔ یہ مسلم لیگ ن کے کارکن اپنے جذبات کے اظہار کیلئے ریلی نکال رہے ہیں۔سیالکوٹ میں پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے کارکنوں نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی حمایت میں موٹر سائیکل ریلی نکالی، ریلی مسلم لیگ ہاؤس پیرس روڈ سے شروع ہوئی اور شہر کے مختلف بازاروں اور علاقوں سے ہوئی ہوئی واپس مسلم لیگ ہاؤس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔