لاہور (معین اظہر سے) امریکہ نے پاکستان میں ان کے شہری کے اغوا میں ملوث ملزموں تک ایف بی آئی کی رسائی اور تفتیش کا مطالبہ کر دیا ہے۔ امریکہ کے خصوصی نمائندہ برائے پاکستان وافغانستان جیمز ڈوبن نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران جہاں انہوں نے آرمی چیف، وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی تھی وہاں انہوں نے امریکی شہری ڈاکٹر وارن سٹائن کے اغوا میں پکڑے گئے ملزموں کو ایف بی آئی کی رسائی کا کہا تھا جس پر وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب کے ایک اہم عہدیدار نے امریکی سفارتخانہ کے سینئر افسر سے چند روز قبل ملاقات کی جس میں امریکی سفارت خانہ نے ایف بی آئی ٹیم کی رسائی اور تفتیش کیلئے زور دیا اور چنیوٹ میں قتل ہونے والے ڈاکٹر مہدی علی جو امریکی شہری تھے کی تفتیشی رپورٹ بھی مانگ لی۔ حکومت پنجاب کے اعلیٰ سطحی ذرائع کے مطابق امریکی شہری ڈاکٹر وارن سٹائن کو 13 اگست 2011 ء کو نامعلوم افراد نے اغوا کیا۔ ماڈل ٹائون لاہور سے اس کیس میں ملزم حافظ عمران اور سیف الرحمان کو چند ماہ بعد گرفتار کر لیا گیا جبکہ تین افراد افضل حسین، عمران احمد اور ایمن الزواہری کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔ بعدازاں ان میں سے ایک اشتہاری افضل حسین سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مانسہرہ میں ہلاک ہو گیا جبکہ پکڑے جانے والے ملزموں کے کیس انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں زیرسماعت ہیں۔ امریکی سفارتخانہ نے ایف بی آئی کو پکڑے گئے دونوں ملزموں کو ایف بی آئی کی رسائی اور ان سے تفتیش کی اجازت دینے کا مطالبہ حکومت پنجاب سے کیا ہے۔ اعلیٰ سطحی حکومتی ذرائع کے مطابق کسی دوسرے ملک کی تفتیشی ٹیم کو صوبائی حکومت اجازت نہیں دے سکتی ہے اس کیلئے وزارت داخلہ اور وزارت دفاع، سکیورٹی ایجنسیوں سے کلیئرنس لینے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔
امریکہ کا اپنے شہری وارن سٹائن کے اغوا میں ملوث ملزموں تک رسائی کا مطالبہ
Aug 22, 2014