اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ ایک قدم آگے جا کر مذاکرات کےلئے پہل کی، بھارت ہمیشہ کی طرح مذاکرات نہ کرنے کا بہانہ بنا رہا ہے، مذاکرات کی گیند اب بھارت کے ہاتھ میں ہے، اب دیکھنا ہے کہ وہ اس سے کھیلتا ہے یا ہمیشہ کی طرح گیند جیب میں لے کر بھاگ جاتا ہے، بھارت چاہتا ہے کہ مہمانوں کی فہرست بھی اس کی مرضی سے بنائی جائے، انسانی حقوق کے معاملے پر دہلی سرکار کو سوچنا ہوگا، اب اگر بھارت مذاکرات ملتوی کرے تو دنیا دیکھ رہی ہے، پاکستان بھارت سے ہر تنازعہ بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے،کراچی آپریشن ایم کیو ایم کےخلاف نہیں، ہم کراچی میں جرم اور سیاست کو علیحدہ علیحدہ کرکے دیکھتے ہیں۔ وہ جمعہ کو یہاں علاقائی زبانوں کے فروغ سے متعلق بچوں کے سمر کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی بھارت سے مذاکرات سے انکار نہیں کیا بلکہ ہمیشہ مذاکرات میں پہل کی، پہلے بھی کئی دفعہ بھارت نے مذاکرات نہ کرنے کا بہانہ بنایا، اس دفعہ بھی وہ بہانے بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار بھارت بلا جواز بہانہ بنا رہا ہے جس کی منطق نہیں۔ بھارت چاہتا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستان کی سفارتخانے میں ہونیوالی تقریب سے شرکاءان کی مرضی سے ہوں اور اس تقریب میں کشمیر سے کوئی رہنماءشریک نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے ایم کیو ایم کو منتخب کیا ہے اور ہم ان کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف، اسحق ڈار، اپوزیشن لیڈر نے ان سے استعفے واپس لینے کےلئے درخواست کی ہے،ہم چاہتے ہیں کہ وہ اسمبلیوں میں واپس آئیں اور مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالیں۔ رشید گوڈیل پر حملے کی وجہ سے استعفوں کا معاملہ کچھ آہستہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں اور افسروں نے ہماری زندگیوں کو محفوظ بنانے کےلئے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات پانی کے بلبلے ہیں ان کو بھی ختم کرکے دم لیں گے۔
پرویز رشید
بھارت نے مذاکرات ملتوی کئے تو دنیا دیکھ رہی ہے: پرویز رشید
Aug 22, 2015