پاکستان کو کشمیر پر اپنے مو¿قف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹنا چاہئے: سراج الحق

Aug 22, 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے پاکستان کو کشمیر کے معاملہ میں اپنے قومی موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹنا چاہئے، بھارت بندوق کی نوک پر زیادہ دیر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا۔ عالمی قانون کی رو سے کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنا چاہئے۔ مسئلہ کشمیر کے بغیر بھارت سے مذاکرات بے معنی ہونگے۔ پاکستان نے دولت مشترکہ کانفرنس منسوخ کرکے اچھا اقدام کیا ہے۔ اگر پاکستان کی نظریاتی اساس کو چھیڑا گیا تو اس کی جغرافیائی اساس بھی قائم نہیں رہے گی۔ جماعت اسلامی آئین کا حلیہ بگاڑنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ جو لوگ دفعہ 62,63کو آئین سے نکالنا چاہتے ہیں وہ چوروں لٹیروں کی حکمرانی کا راستہ ہموار کررہے ہیں۔ ہمارے لئے برطانیہ اور ترکی نہیں مدینہ منورہ کی اسلامی جمہوریت ماڈل ہے۔ 2ستمبر کو ملک بھر میں ”یوم اردو“ منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آئین پاکستان بندوں کی فرمانبردار ی کیلئے اللہ کی نافرمانی کی اجازت نہیں دیتا۔ چیف جسٹس جواد ایس خواجہ ازخود نوٹس لیکر 21ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے فیصلے میں موجود ابہام اور شکوک و شبہات کو دور کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس کونظریہ ضرورت کے تحت تسلیم کیا گیا لیکن ملک میں سیکولر اور مذہب بیزار ایک معمولی اقلیت کی خواہش پریہاںبرطانیہ امریکہ اور فرانس ماڈل جمہوریت کی قطعا اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے قومی زبان اردو میں حلف لے کر اور اختلافی نوٹ لکھ کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ اب انہیں قومی زبان کو اس کا حق دلانے کیلئے فوری اور دوررس فیصلے کرنے چاہئیں۔
سراج الحق

مزیدخبریں