لوڈشیڈنگ جاری، کاروبار زندگی متاثر، حافظ آباد میں زائد بلوں کیخلاف احتجاج

Aug 22, 2015

لاہور (نامہ نگاران) طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگ بلبلا اٹھے اور سراپا احتجاج بنے رہے۔ لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار زندگی شدید متاثر رہا۔ کئی شہروں میں گزشتہ روز پانی کی بھی قلت رہی۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔ جس کی وجہ سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر اور اس کے گر دونواح میں واپڈا کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے لوگ بلبلا اٹھے۔ ہر ایک گھنٹے بعد تین گھنٹے کے لئے بجلی بند ہوتی رہی، شہر میں علاقہ شہباز خاں روڈ، کھارا روڈ ،کوٹ مراد خاں ،بھسر پورہ ،پاکیزہ کالونی،کوٹ غلام محمد، نیا بازار، دین گڑھ، مشتاق کا لونی،نفیس کالونی ، کالج روڈ، بھٹہ گوریا والا ،شاہ عنایت کالونی، بھٹہ سوہن والا اور اس کے علاوہ دیہاتی علاقوں فقیرے والا، سہجرا ، کلاں، بھیڈیاں ، ساندہ ، دولے والا ،ٹولوں والا،نظام پورہ، گردونواح مےں بدترےن لودشےڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے اور بجلی کے بحران پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سینکڑوں صارفین کو بجلی کے زائد بل بھجوائے جانے کے خلاف ایکسین آفس میں دوسرے روز بھی احتجاج جاری رہا۔ متاثرہ صارفین کے جمع ہونے کی اطلاع پر گیپکو چیف ظہور احمد چوہان اور ڈپٹی ڈائریکٹر منظور احمد بھی ایکسین آفس پہنچ گئے جہاں متاثرہ صارفین کو سکیورٹی کے عملہ نے ایکسین آفس کے باہر روکے رکھا۔ آن لائن کے مطابق تحصیل بشام میں طویل لوڈشیڈنگ رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے، کاروباری زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
لوڈشیڈنگ جاری

مزیدخبریں