انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب جناب مشتاق احمد سکھیرا نے ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران پولیس افسران و جوانوں سے کہا کہ وہ ون ویلنگ جیسے خطرناک کھیل کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں ۔ انہوں نے سول سوسائٹی کے عمائدین سے بھی پولیس سے تعاون کی اپیل کی ۔ون ویلنگ کے سدباب کیلئے اساتذہ علماء‘والدین کو چاہیے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں ۔ والدین کم عمر بچوں کو گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہ دیں ۔ ایک سروے کے مطابق اتنے آدمی دشمنیوں ‘جھگڑوں میں قتل نہیں ہوتے جتنے ٹریفک حادثات کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں ۔ کسی قوم کی تہذیب و تمدن کا اندازہ لگانا ہو تو اس کی ٹریفک پر طائرانہ نگاہ ڈال لی جائے ۔ پولیس اور عوام ایک ساتھ ون ویلنگ کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں تو چھٹکارہ ممکن ہے ۔بے ہنگم ٹریفک جہاں کسی بھی ملک کے شہریوں کی عمومی بدنظمی کی عکاسی کرتی ہے وہاں شہر کے حسن کو بھی متاثر کرتی ہے اور سفر کو بھی غیر محفوظ بنا دیتی ہے۔ آئے دن کے حادثات میں قیمتی جانوں اور گاڑیوں کا ضیاع ایک لمحہ فکریہ ہے۔ اس ضمن میں کی گئی تحقیقات بتاتی ہیں کہ ٹریفک کی بد نظمی کے پس منظر میں ٹریفک قوانین سے لا علمی بھی ایک اہم وجہ ہے۔ چنانچہ ہر شہری کو چاہئیے کہ وہ ملکی ٹریفک قوانین کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرے اور ان پر عمل کرے۔ یہ نہ صرف اس کی قانونی بلکہ اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔
بچے عام طور پر جن کی عمر پانچ سال سے کم ہو یا جو سائیکل چلائیں خاص طور پر خطرات کا شکار ہو جاتے ہیں اپنے بچوں کی حفاظت کیجئے اور ان کو سڑک کے صحیح طور پر استعمال کرنے کا طریقہ سکھائیں۔
رات کو اتنی رفتار سے گاڑی نہ چلائیں جس کی وجہ سے آپ اس فاصلے میںگاڑی نہ روک سکیں جو آپ کو گاڑی کی روشنی سے نظر آ رہاہو۔ اگر آپ کی گاڑی کا پہیہ تیز رفتاری پر جاتے ہوئے پھٹ جائے تو سٹیئرنگ کو مضبوطی سے تھامے رکھیں اچانک بریک مت لگائیں اور نہ موڑنے کی کوشش کریں۔ گاڑی کو آہستہ ہونے دیں جب رفتارکافی کم ہو جائے تو بریک لگائیں۔ اگر اچانک موڑ سامنے آ جائے تو فوراً بریک لگانے کی کوشش مت کریں بلکہ گیئر بدل کر گاڑی کی رفتار کم کریں۔ کبھی بھی کلچ دبا کریا گاڑی کو گیئر سے نکال کر اترائی پر مت چلائیں۔ اگر آپ کی گاڑی پھسلنا شروع کردے تو کبھی بھی زور سے بریک مت لگائیں اور نہ ہی کلچ دبائیں۔ آپ کی گاڑی جس سمت میں پھسل رہی ہو اسی سمت میں موڑیں اور آہستہ ہونے دیں۔رات کے وقت دوسری طرف سے آنے والی گاڑی کی تیز روشنی کو دیکھنے کی کوشش مت کریں اس کے گاڑی کی بریک فیل ہونے کی صورت میں مت گھبرائیں بلکہ گاڑی کوپہلے یا دوسرے گیئر میں ڈال کر اس کی رفتار کنٹرول کریں۔ اگر اچانک سامنے کوئی معمولی سی رکاوٹ نظر آئے تو اس کو بچانے کے لئے گاڑی کا رخ یکدم مت موڑئیے اس سے آپ کی گاڑی کے الٹ جانے کا اندیشہ ہے۔ دس سال سے کم عمر بچوں کواگلی نشست پر ہرگز نہ بٹھائیں۔ اپنے ڈیش بورڈ پر اکثرت اوقات نگاہ ڈالیں اور مختلف آلہ جات کو چیک کرتے رہیں۔ سٹیئرنگ کا فری گھومنا کسی جوڑ کے ڈھیلے پن کی نشانی ہے اس کا فوری بندوبست کریں۔
گاڑی کو روکنے یا آہستہ کرنے کے لئے بریک ایک دو بار چھوڑکرپھر دبائیں اس سے بریک بہت اچھی لگے گی۔ پہاڑی علاقہ میں سفر کرتے ہوئے ڈھلوان پر سے اترتے ہوئے اسی گیئر کا استعمال کرنا چاہئیے جس میں گاڑی اس ڈھلوان پر چڑھ سکتی ہو۔