لاہور(سپورٹس رپورٹر ) ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ کا لگاتارتیسرا دن بارش کی نذر ہونے کے سبب میچ ڈرا ہوجائیگا اور پاکستان کا عالمی نمبر ایک بننا یقینی ہوگیا ہے۔پہلے دن بارش کے سبب محض 22 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا جس میں ویسٹ انڈیز نے دو وکٹ پر 62 رنز بنائے تھے۔دوسرا‘تیسرا اور چوتھا دن بھی بارش کی نذر ہوگیا۔ میچ ختم ہونے میںایک دن باقی ہے او چاروں اننگز باقی ہیں۔میچ ڈرا ہو جائے گااور پاکستانی ٹیم عالمی نمبر ایک بن جائے گی۔اس وقت عالمی درجہ بندی میں بھارتی ٹیم پہلے، پاکستان دوسرے اور سری لنکا سے شکست کے بعد آسٹریلین ٹیم تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔بھارت کو عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائض رہنے کیلئے سیریز میں تین صفر سے کامیابی درکار تھی۔ لیکن پورٹ آف سپین ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد وہ اپنا اعزاز برقرار نہیں رکھ پائے گی اور یوں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک بن جائے گی۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون ٹیم کو چیمپئن گرز پیش کرینگے ۔