اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ میں آج سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کیلئے 5بنچ تشکیل دے دیئے گئے ہیں جن میں سے دو بنچ اسلام آباد، ایک کراچی اور2بنچ لاہور میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔ اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے بینچز کے روبروملک بھر کے پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں سہولیات کی عدم دستیابی،مظفر گڑھ میں اوقاف کی زمین کے غیر قانونی استعمال، نیب میں غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف از خود نوٹس اور ملک میں مردم شماری نہ ہونے پر لئے گئے از خود نوٹس کیس سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت ہوگی۔ عدالت عظمی کا پہلا بنچ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی، جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل ہے جو منگل کو پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں سہولیات کی عدم دستیابی، بدھ کے روز مظفر گڑھ میں اوقاف کی زمین کے غیر قانونی استعمال کیخلاف دائر آئینی درخواستوں اور نیب میں غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔ اس بنچ کے روبرو جمعرات کوملک میں مردم شماری نہ ہونے پر لئے گئے از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوگی۔ عدالت کا دوسرا تین رکنی بنچ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس سردار طارق مسعود پر مشتمل ہے ۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں بھی دو بنچ مقدمات کی سماعت کریں گے۔
نیا عدالتی ہفتہ، سپریم کورٹ کے 5بنچ آج سے اہم مقدمات کی سماعت کرینگے
Aug 22, 2016