عبدالستارایدھی نے انسانیت کیلئے مدر ٹریساسے بڑھ کرکام کیا: سفیر رفعت مسعود

اوسلو (آئی این پی) ناروے کے دارالحکومت اوسلومیں مرحوم مولانا عبدالستارایدھی کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیاگیاجس میں لوگوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ تقریب کے میزبان ناروے میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرسید ذوالفقارحیدر اوران کی اہلیہ نیلم سرورانجم تھیں۔تقریب کی مہمان خصوصی ناروے میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود تھیں ۔ رفعت مسعودنے کہاکہ عبدالستارایدھی نے انسانیت کے لیے مادر ٹریساسے بڑھ کرکام کیا۔پاکستان کے لوگ ایدھی کا مشن جاری رکھیں گے۔ ایدھی نے اپنی زندگی انسانیت کے لیے وقف کی ہوئی تھی اور یہی طرز عمل پاکستان کے عوام کے لیے مشعل راہ ہے۔ڈاکٹرنیلم انجم نے ایدھی فائونڈیشن کی طرف سے لاوارت بچوں کے لیے ایدھی کے جھولابے بی منصوبے کی تعریف کی۔ انھوں نے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ کچھ لوگوں بچہ پیداہوتے ہی اسے پھینک دیتے ہیں لیکن ایدھی نے ان بچوں کو اپنایااور سنبھالا۔پاکستانی معاشرے میں برداشت ختم ہوتی جارہی ہے ، معاشرہ انتہاپسندی اورعدم برداشت کا شکارہورہاہے۔ نومولود بچوں کاقتل کیاجاتاہے۔ اس کی بہت سی وجوہات ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ کچھ لاوارت بچوں کو ناروے لانے کی اجازت حاصل کرسکیں تاکہ یہاں بے اولاد خاندان انہیںگود لے سکیں۔ تقریب کے میزبان نارویجن پاکستانی شخصیت ڈاکٹرسیدذوالفقارحیدرنے عبدالستارایدھی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ایدھی کو نوبل پرائز ملناچاہیے۔

ای پیپر دی نیشن