پاک چین اقتصادی راہداری گیم چینجر ، ناقابل تسخیر سکیورٹی فراہم کریں گے: ایئر چیف

Aug 22, 2017

کراچی( سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ اور رائل ائیرو ناٹیکل سوسائٹی (اسلام آباد برانچ) کے زیرِ اہتمام نور خان آڈیٹوریم ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ’’ پاک چین اقتصادی راہداری اور ہوا بازی کی صنعت کے مواقع ‘‘کے موضوع پر ایک روزہ سیمپوزیم منعقدہوا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اس سیمپوزیم میں مہمان خصوصی تھے۔سینیٹرز ، حاضر سروس اور ریٹائرڈ بیورو کریٹس ،چیمبر آف کامرس کے ممبران ، مختلف اداروں کے نمایاں افراد اور تینوں مسلح افواج کے افسران نے بھی شرکت کی۔ سینیٹر مشاہد حسین سید، وفاقی وزیرداخلہ ،چئیرمین پارلیمینٹری کمیٹی برائے اقتصادی راہداری پروفیسر احسن اقبال ،اس سمپوزیم میں کلیدی مقررین تھے۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر اپنے اختتامی خطاب میں خطے کے لیے پاک چین اقتصادی راہداری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ راہداری نہ صرف ہمارے لیے گیم چینجر ہے بلکہ یہ مشرقی اور مغربی ایشیا کو آپس میں ملانے کا باعث بنے گی۔ ملکی فضائی حدود کی حفاظت میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ دوسری مسلح افواج کے ساتھ مل کر اس منصوبے کے لیے ناقابل تسخیر سکیورٹی فراہم کرے گی۔اس سمپوزیم میں حکومتی ، این جی اوز اور مختلف اداروں کے چھ نمایاں مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جن میں حسن داؤد ، پروجیکٹ ڈائریکٹر سی پیک ، ڈاکٹر ناصر افگن ، ڈائریکٹر ایم بی اے پروگرام ، IBAکراچی ، ائیر وائس مارشل (ریٹائرڈ) رضی نواب، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر شاہین فاؤنڈیشن ،ائیر کموڈور عبدالمعید خان ، اسسٹنٹ چیف آف ائیر سٹاف (پلانز) ، سید مظفر عالم ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ، CAA اور عامر ظفر درانی ، CEO انہر شامل تھے۔

مزیدخبریں