اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور ترکمانستان نے دو طرفہ تجارت میں اضافہ ، زراعت، مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، صنعت، میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے مشترکہ حکومتی کمیشن کا پانچواں 2روزہ اجلاس اشک آباد میں منعقد ہوا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور ترکمانستان کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین و خارجہ امور کے وزیر راشد میردوف نے اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کی۔ اس موقع پر اگست 2014 کو اسلام آباد میں منعقدہ گذشتہ مشترکہ گورنمنٹ کمیشن اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے علاوہ تجارت میں اضافہ اور مختلف شعبوں بالخصوص زراعت، مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، صنعت، میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق مشترکہ حکومتی کمیشن کا اجلاس 17 تا 18 اگست کو ہوا۔ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان توانائی کے شعبہ میں تعاون دوطرفہ تعلقات کا اہم جزو ہے، دونوں ممالک تاپی گیس پائپ لائن منصوبے میں بھی شامل ہیں جو پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پوری کرنے کیلئے بڑی صلاحیت کا حامل منصوبہ ہے، دونوں ممالک ان منصوبوں کی جلد تکمیل یقینی بنانے کے راستے اختیار کریں گے۔
پاک/ ترکمانستان اجلاس
پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ حکومتی کمیشن کا پانچواں 2 روزہ اجلاس
Aug 22, 2017