نوازشریف کی پالیسیاں جاری رہیں گی‘ مسلم لیگ ن پارلیمانی پارٹی: الیکشن تیاریاں شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی)مسلم لیگ(ن) آئین کی بالادستی کیلئے دیوار چین کا کردار ادا کرے گی، مسلم لیگ(ن) کارکردگی کی بنا پر آئندہ انتخابات میں چاروں صوبوں میں کامیاب ہو گی یہ بات ایک قرار داد میں کہی گئی جومسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں منظور کی گئی قرار داد میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت، سوچ اور پالیسیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ قرار داد میں کہا گیا کہ مسلم لیگ(ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ سی پیک منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ پیر کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔جس میں منظور کردہ قرار داد میں اس امر کا اعادہ کیا گیا مسلم لیگ(ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، پارٹی پالیسیوں سے ملک کو اقتصادی تباہی، بدترین لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی سے نکالا، نواز شریف کی پالیسیوں اور منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔ قرار داد میں کہا گیا مسلم لیگ (ن) نے ملک کو خوشحالی و ترقی اور امن و استحکام کی راہ پر گامزن کیا، ملکی تاریخ میں سب سے بڑی سرمایہ کاری سے تابناک مستقبل کی بنیاد رکھی، سی پیک کے ذریعے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کی، سی پیک منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ قرار داد میں یہ بھی کہا گیا چند سیاستدان جمہوری میدان میں پے درپے شکست سے مایوس ہو گئے ہیں، مایوس سیاستدان اداروں کے ٹکرائو سے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں۔ اس عزم کا اعادہ کیا گیا ایسے عناصر کو کسی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مسلم لیگ(ن) خوشحال مستقبل، امن اور عوام کی حکمرانی کا سفر ہر قیمت پر جاری رکھے گی، چیلنجز کا مقابلہ مضبوط جمہوریت ، قانون کی حکمرانی اور عوام کے حق حاکمیت کے احترام سے ممکن ہے، پاکستان نے ماضی میں ان اصولوں سے روگردانی کر کے بھاری قیمت ادا کی۔
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں جون 2018 ء کے انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے حلقہ ہائے انتخاب میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے کمشنرز کو براہ راست فنڈز بھجوائے جائیں۔ اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی خواہش پر بلایا گیا جس میں وہ ارکان پارلیمنٹ سے براہ راست ملاقات چاہتے تھے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 140 ارکان نے شرکت کی۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت پونے دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی نے ترقیاتی فنڈز کے اجراء کا رونا رویا۔ اجلاس سے میاں عبدالمنان‘ بشیر ورک‘ قیصر شیخ‘ رمیش کمار سمیت 10 ارکان نے اظہار خیال کیا۔ پارلیمانی ارکان نے بیک آواز اعلان کیا کہ وہ نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں، کسی صورت بھی ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یقین دلایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے اعلان کردہ ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...