ہائیکور ٹ نے نوازشریف کیخلاف توہین عدالت درخواست میں ترمیم کی اجازت دیدی

Aug 22, 2017

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے میاں نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لئے دائر درخواست میں ترمیم کی اجازت دے دی۔ درخواست گزار آمنہ ملک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیا۔ نااہلی کے بعد نواز شریف نے اسلام آباد سے لاہور تک ریلی میں عدلیہ مخالف تقاریر کیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی میڈیا پر تقاریر نشر کرنے سے روکنے کی بھی ہدایت کی جائے۔ انہوں نے استدعا کی کہ درخواست میں تکنیکی خامیاں دور کرنے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے سماعت پچیس اگست تک ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں سید محمد جاوید اقبال جعفری نے نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔ درخواست گزار نے کہا پانامہ کیس کے علاوہ عدالتوں میں نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر ملکہ برطانیہ سے سر کا خطاب لینے کے علاوہ ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرنے کے مقدمات زیر التوا ہیں۔

مزیدخبریں