اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان اور چین نے اتفاق کیا ہے کہ اقتصادی راہداری ایک اہم منصوبہ ہے، اس کی جلد تکمیل سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہو گا، دفتر خارجہ کی طرف سے پیر کو یہاں جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے چینی سٹیٹ کونسلر یانگ جیچی نے بیجنگ میں( صفحہ10بقیہ42)
ملاقات کی ہے۔ سیکرٹری خارجہ آجکل چین کے 3 روزہ دورے پر ہیں۔ اس ملاقات کے دوران سیکرٹری خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے اور پاکستان اہم امور پر چین کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ چینی سٹیٹ کونسلر نے کہا کہ چین کے نائب وزیراعظم وینگ یانگ کا حالیہ دورئہ پاکستان پاک چین روایتی تعلقات کے سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ بیلٹ اینڈ روڈ ویژن کا ایک اہم منصوبہ ہے۔ اس کی جلد تکمیل سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہو گا۔ سیکرٹری خارجہ اور چینی سٹیٹ کونسلر نے علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ خارجہ سیکرٹری نے سٹیٹ کونسلر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔
سیکرٹری خارجہ ملاقات
سیکرٹری خارجہ کی چینی سٹیٹ کونسلر سے ملاقات، علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال
Aug 22, 2017