اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو آسٹریلین طوطے کا لقب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پریس کانفرنس میں چوہدری نثار آسٹریلین طوطے کی طرح اپنے منہ میاں میٹھو بنا ہوا تھا۔ پنجاب ہاؤس سے باہر چوہدری نثار کی پریس کانفرنس کی اہمیت ہوگی۔خورشید شاہ نے نوازشریف کو عدالتوں میں پیش ہونے کا مشورہ دے دیا۔پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے خورشید شاہ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو عدالتوں میں پیش ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف بہت خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں،نیب طلبی کے باوجود نوازشریف اور انکے اہل خانہ پیش نہیں ہورہے، عدم پیشی کا سلسلہ جاری رہا تو نیب گرفتاری کے وارنٹ جاری کرے گی۔ عدالت کے پاس آرٹیکل 190 کے نفاذ کا بھی اختیار ہے، اگر آرٹیکل 190 کا اطلاق ہوا تو وہ بہت خطرناک ہوگا۔عدالت فوج کو شریف خاندان کی گرفتاری کا حکم دے سکتی ہے۔ پاکستان کا آئین اور قانون سب کیلئے برابر ہے، اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی لیڈرشپ عدالتوں کے سامنے پیش ہوتی رہی۔ سمجھ سے بالاتر ہے حکومت کیوں اداروں کے ساتھ لڑائی لڑنا چاہتی ہے۔اپوزیشن لیڈر نے چوہدری نثار کو آسٹریلین طوطے کا لقب دے دیا اور کہا کہ ڈان لیکس اور ماڈل ٹاون سانحہ کی رپورٹ دونوں سامنے آنے چاہئیں۔
نوازشریف بہت خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں‘ عدالت فوج کو گرفتاری کا حکم دے سکتی ہے: خورشید شاہ
Aug 22, 2017