الیکشن 2018:آر ٹی ایس کے معاملے پرتحقیقات ، عید کے بعد غور کیاجائے گا :فواد چوہدری

Aug 22, 2018

اسلام آباد (بی بی سی+ آن لائن) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انتخابی نتائج اکٹھا کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، لیکن اس نظام کی ناکامی کی تحقیقات کا فی الحال آغاز ہی نہیں ہو سکا اور نومنتخب حکومت کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آر ٹی ایس کے معاملے پر تحقیقات کے حوالے سے عید کے بعد غور کیا جائے گا۔ انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'اس معاملے کی سینٹ کی کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ کابینہ ڈویژن سے ماہرین کی رائے مانگی گئی تھی، تاہم اس پر فیصلہ عید کے بعد کیا جائے گا'۔ 25 جولائی کو عام انتخابات میں ہونے والی پولنگ کے بعد اس وقت مایوسی پھیل گئی جب الیکشن کمشن کی جانب سے نئے تیار کردہ رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم یعنی آر ٹی ایس نے مبینہ طور پر کام کرنا بند کر دیا تھا۔ اسی رات مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے سمیت ملک کی کئی سیاسی جماعتوں نے آر ٹی ایس میں مبینہ خرابی اور نتائج میں تاخیر پر سوالیہ نشان اٹھایا تھا۔ علاوہ ازیں اپنے ٹویٹر پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں سیاسی سنسر شپ ختم کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا عمران خان کے ویژن کے مطابق کام ہورہا ہے اور ان کے کہنے پر ہی پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں سیاسی سنسر شپ ختم کردی ہے۔ اب پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں اداراتی آزادی کیلئے ہدایت جاری کردی ہیں۔ تین ماہ میں محکمہ اطلاعات میں واضح تبدیلیاں نظر آئیں گی۔
فواد چوہدری

مزیدخبریں