کراچی (آن لائن) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عافیہ کی فیملی کی جانب سے اہلیان اسلام کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ قربانی کے مبارک ایام میں علمائے کرام اور عوام قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو دعائوں میں یاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی جرم بے گناہی کی پاداش میں مجموعی طور پر یہ 32ویں عید امریکی حراست میں گزرے گی۔ دنیا بھر میں قیدیوں کو اپنے اہلخانہ سے رابطہ و ملاقات کرنے کی اجازت حاصل ہوتی ہے مگر عافیہ کو گزشتہ ڈھائی سال سے اپنی فیملی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی سہولت سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں قیدیوں کو ہرماہ 300 منٹ فیملی، عزیزواقارب اور دوستوںسے ٹیلی فون پر بات چیت کی اجازت حاصل ہے اور اس کے علاوہ اب تو قیدیوں کو ویڈیوکانفرنس کے ذریعے بھی اہلخانہ سے ملاقات کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔