تاریکی میں دھکیلنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتوں کو قوم کے حوصلے سے شکست دیں گے: آرمی چیف

Aug 22, 2018

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+آئی این پی+ نیٹ نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو خراج تحسین کیا اور فریضہ حج کی ادائیگی کے موقع پر میدان عرفات میں قوم اور شہداء کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے دہشت گردی کے شکار افراد کے عالمی دن کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام ٹوئٹ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف جنگ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا قوم کے عزم اور حوصلے سے مخالف قوتوں کو شکست دیں گے، پاکستان دیر پا امن اور سلامتی کے قیام کیلئے تمام قوتوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا پاکستانی قوم اور مسلح افواج بھرپور انداز میں دہشت گردی کے چیلنج سے نبردآزما ہوئے اور متحد ہوکر دہشت گردی کو موثر انداز سے شکست دی۔ انہوں نے کہا ہم بہادری سے لڑ کر دہشت گردی کا شکار ہونے والے افراد اور ان کے خاندان والوں کے ساتھ ہیں۔ اپنے پیغام میں آرمی چیف نے کہا جو دشمن قوتیں ہمیں تاریکی میں دھکیلنا چاہتی ہیں ہم ان تمام کا موثر طریقے سے مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔ اس موقع پر پاک فوج کے سپہ سالار نے ہر طرح کی دہشت گردی کی سخت مذمت کی اور کہا کہ امن و امان کے قیام کے لئے ہماری حمایت تمام فورسز کے ساتھ ہے۔ آئی این پی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ملک کو اندھیروں میں جھونکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف لڑیں گے، دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے جس کیلئے مل کر لڑنا ہو گا، ہر طرح کی دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جانیں دینے والے شہداء اور ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا قوم اور مسلح افواج نے بہادری و کامیابی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور متحد ہو کر دہشت گردی کو شکست دی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں دینے والے شہداء اور اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک دشمن عناصر کو ہرصورت شکست دے کر دم لیں گے، ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، تمام فورسز کی امن و استحکام کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان دیرپا امن اور سلامتی کیلئے تمام قوتوں کی حمایت کرتا ہے، ملک کو اندھیروں میں جھونکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف لڑیں گے، دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے جس سے مل کر لڑنا ہو گا، پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے ناسور کا شکار رہا ہے۔

مزیدخبریں