بیجنگ(آئی این پی/شِنہوا + اے ایف پی)چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور ملائیشیا ایک دوسرے کیلئے ترقی کے مواقع فراہم کر رہے ہیں اور شراکت دار ہیں ۔ دونوں فریقین حکمت عملی کے تبادلے کو فروغ دینے کیلئے ایشیا اور دنیا کو ایک پر امن اورخوشحال مستقبل دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار چین کے صدر شی جن پنگ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے ساتھ ملاقات میں کیا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں فریقین کو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت نئے دور میں چین اور ملائشیا کے درمیان عملی تعاون کو آگے بڑھانا چا ہیے۔شی جن پنگ نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ،بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی حمایت اور ایشیائی ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے سلسلے میں مہاتیر محمد کے کردار کو سراہا اور کہا کہ چینی حکومت چین ملائشیا کے درمیان دوستی کو برقرار رکھے گی اور یہ یقین رکھتی ہے کہ نئے دور میں چین اور ملائشیا کے تعلقات میں بڑی پیش رفت ہو گی۔دریں اثناء مہاتیر محمد نے اپنی گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ جو بیلٹ اینڈ روڈمنصوبے صدر شی جن پنگ نے پیش کیا،وہ مختلف علاقوں کے مابین تبادلے و تعاون کو فروغ دے گا جس سے اس منصوبے سے وابستہ علاقے اور ممالک فوائد حاصل کریں گے۔ان کا کہنا کہ ملائشیا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی حمایت کرتا ہے اور اس میں شراکت کرناچاہتا ہے کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ یہ منصوبہ علاقائی ترقی و خوشحالی میں مدد گار ہو گا۔مہاتیر نے تصدیق کی جب تک ہم قرض چکانے کے طریقے ڈھونڈ نہیں لیتے چین کے تعاون سے 22 ارب ڈالر کے پراجیکٹس منسوخ رہیں گے۔
چین کے تعاون سے 22 ارب ڈالر کے پراجیکٹس منسوخ رہیں گے :وزیر اعظم ملائیشیا
Aug 22, 2018