واشنگٹن، سنگاپور (اے ایف پی+ نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کی ذمہ دار میانمار کی فوج ہے۔ امریکی سفیر نے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو سزا دلائی جائے گی۔ کینیڈا کے عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق میانمار میں گزشتہ سال 24 ہزار روہنگیا قتل کئے گئے چالیس ہزار روہنگیا کو گولیاں مار کر زخمی کیا گیا۔ چونتیس ہزار لوگوں کو آگ میں پھینکا گیا۔ ایک لاکھ 14 ہزار روہنگیا کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ کے اعداد و شمار 2017ء سے 2018ء تک کے ہیں۔ ادھر میانمار کی لیڈر آنگ سان سوچی نے روہنگیا مسلمان پناہ گزینوں کی کیمپوں سے واپسی میں تاخیر کا الزام بنگلہ دیش پر عائد کرتے موقف اپنایا اب یہ اس پر منحصر ہے وہ کتنی جلدی پناہ گزینوں کی واپسی یقینی بناتا ہے۔ یاد رہے میانمار فوج اور انتہا پسند بودھوں کے مظالم سے تنگ آ کر 7 لاکھ روہنگیا مسلمان ہجرت کرکے بنگلہ دیش چلے گئے۔ کیونکہ ان کے گائوں جلا دئیے، بچوں کو زندہ دفن کیا اور خواتین کی عزتوں سے کھلواڑ کیا گیا تھا۔ ایسے مظالم کی عالمی رہنمائوں نے مذمت کی تھی۔