کابل(آن لائن+آئی این پی) افغانستان کے مختلف صوبوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں،جھڑپوں اور فضائی حملوں میں 78طالبان اور حکومت مخالف دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبہ ارزگان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 20 طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ صوبہ تخار کے ضلع الیسکا میش میں سکیورٹی فورسز نے طالبان کے ٹھکانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 18 طالبان جنگجو ہلاک جبکہ دس زخمی ہو گئے ۔ حملے میں طالبان کا ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ادھر غور کے گورنر کے ترجمان غلام ناصر خازئی نے میڈیا کو بتایاکہ افغانستان کی سیکیورٹی فورسز نے افغان صوبہ غور میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 40حکومت مخالف دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 8کو زخمی کر دیا، یہ آپریشن ضلع فیروز کوہ میں کیا گیا، اس کارروائی سے علاقے میں امن و استحکام آئے گا، اس آپریشن میں ایک بچہ اور ایک عام شہری بھی جاں بحق ہوئے۔ غلام ناصر نے بتایا کہ ان افراد کے خلاف مقامی لوگوں نے شکایت کی تھی کہ یہ حکومت مخالف کارروائی میں ملوث ہیں اور مزید کارروائیاں کرنا چاہتے ہیں، لہٰذاعلاقے میں امن کے قیام کیلئے یہ کارروائی کی گئی ہے۔