وزیراعظم کا پولیو کے بڑھتے کیسیز پر اظہار تشویش ، موثر مہم کی ہدایت

Aug 22, 2019

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں پولیو کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے پاکستان سے اشتراک کا فروغ دیکھ رہا ہوں، انسداد پولیو کیلئے پاکستان سے تعاون جاری رہے گا، پاکستان کی صورتحال انسداد پولیو کی کوششوں کیلئے خطرہ ہے، خطرناک پولیو وائرس پاکستان بھر میں پھیل رہا ہے، خیبر پی کے میں پولیو کیسز وائرس پھیلنے کا ثبوت ہے، ہمیشہ کی طرح پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان سے تعاون کیلئے پرعزم ہیں۔ خط میں مزید لکھا گیا کہ ثانیہ نشتر کیساتھ تخفیف غربت سے متعلق جون میں ملاقات ہوئی، پاکستان میں تخفیف غربت سے متعلق طویل المدتی کام کرنا چاہتے ہیں، احساس پروگرام کیلئے ڈیلیوری یونٹ قائم کرنا چاہتے ہیں۔
خط


اسلام آباد (آئی این پی+ اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پولیو کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاق اور صوبوں کو پولیو کیخلاف مؤثر مہم چلانے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پی کے میں پولیو وائرس بے قابو ہونے پر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ جس میں ڈاکٹر ظفر مرزا، بابر بن عطا اور لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز شریک تھے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے محمود خان، صوبے کے چیف سیکرٹری اور وزیر اعلی ٰبلوچستان جام کمال نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان کو بل گیٹس نے خط لکھا، میں کے پی میں بڑھتے پولیوکیسز پر اجلاس طلب کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ اداکیا اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پولیو ختم کرنے کیلئے ذہنوں سے شکوک نکالنا انتہائی ضروری ہے، حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام پر حکومت کی خصوصی توجہ درکار ہے۔ مائیکروسافٹ کے بانی نے انسداد پولیو، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور احساس پروگرام کی بھی تعریف کی اور ستمبر میں اقوام متحدہ اجلاس میں وزیراعظم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون برائے انسداد پولیو بابر بن عطا بریفنگ دی جبکہ عالمی اداروں کے سربراہان ،کینیڈا کے ہائی کمشنر، یونیسیف اور ڈبلیو ایچ او حکام بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو پولیوکیسز سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی ، جس میں بتایا گیا گزشتہ سال خیبر پی کے میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تھا، 10 اضلاع میں رواں سال پولیو کے 41 کیس سامنے آئے۔رپورٹ کے مطابق بنوں ڈویڑن میں 30 پولیو کیس رپورٹ ہوچکے ہیں ، مختلف اضلاع میں 76 پولیو ورکرز اور اہلکار شہید کیے گئے، ایمرجنسی آپریشن سینٹرکے سینئر افسران کومختلف ڈویڑن میں متحرک کیاگیا۔نکات میں بتایا گیا انکاری والدین کو راضی کرنے کے لیے بااثرافراد سے رابطے کیے ، ویکسی نیشن پرمنفی پروپیگنڈا ختم کرنے کے اقدامات کیے ہیں۔وزیراعظم کی زیر صدارت پولیو سے متعلق اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا ہے ، جس میں پولیو کے بڑھتے کیسز پر وزیراعظم کا تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاق اورصوبوں کو پولیو کیخلاف مؤثر مہم چلانے کی ہدایت کردی اور کہا پولیوکا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پاک فوج کی جانب سے پولیو ٹیموں کومکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، اعلامیہ میں کہا گیا کہ دور دارز علاقوں میں رسائی اور ویکسی نیشن کی فراہمی میں پاک فوج معاونت کریگی جبکہ عالمی اداروں کی بھی پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم

مزیدخبریں