اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+اپنے سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سفاک مودی سرکار تمام کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی سرکار کے قبضے اور اہل کشمیر پر ظلم کے خلاف حکمران جماعت تحریک انصاف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو عالمی سطح پر شدید ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق نریندر مودی کی امریکہ آمد کے موقع پر شدید احتجاج کیا جائے گا جس کی تیاریوں کیلئے وزیراعظم نے تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو ہدایت جاری کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نیو یارک میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرے۔ انہوں نے کہا کہ سفاک مودی سرکار تمام کشمیریوں کو ستم کا نشانہ بنانے کی تیاریوں میں ہے‘ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دوطرفہ معاہدوں کی موجودگی میں بھارت سرکار کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بطور سفیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھاؤں گا۔ وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے ملاقات کی، ملاقات میں پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر ملیکا بخاری، سیکرٹری قانون ارشد فاروق فہیم اور وزارت کے دیگر سینئر افسران موجود تھے، وزیر قانون نے وزیراعظم کو مفاد عامہ میں بنائے جانے والے نئے قوانین اور ان کے نفاذ میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ نئے قوانین میں کوڈ آف سول پروسیجر (ترمیمی) بل2019، لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی بل2019، انفورسمنٹ آف وویمن پراپرٹی رائٹس بل 2019، لیٹرز آف اینڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفیکیٹ بل 2019، وسل بلوئر پروٹیکشن اینڈ وجیلینس کمیشن بل2019، سروس ٹرابیونل (ترمیمی) بل2019، میوچل لیگل اسسٹنس بل2019، مسلم فیملی لاز (ترمیمی) ایکٹ2019سیکشن 4 اور سیکشن 7 اور قانونی نظام کے لئے ایکشن پلان فار وویمن اینڈ گرلز شامل ہیں۔ وزیرِ قانون نے بتایا کہ عوام کو ان کے حقوق و دیگر معاملات کے بارے میں متعلقہ قوانین و ذیلی قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے پاکستان کوڈ کو آن لائن کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان کوڈ کے نام سے ایک ایپلیکشن بھی بنا لی گئی ہے جو جلد عوام کو ان کے موبائل فونز پر دستیاب ہوگی۔ اس ایپلیکیشن کے تحت 1840سے مارچ 2019تک کے قوانین کی تمام تفصیلات حاصل کی جا سکیں گی۔ پاکستان کوڈ میں اب تک تیئس (23)مختلف شعبوں سے متعلق 844قوانین درج ہیں۔ وزیرِ قانون نے وزیرِ اعظم کو دیگر مختلف قوانین پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے مفاد عامہ میں قانون سازی کے ضمن میں وزیر قانون کی کاوشوں کو سراہا، وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی سہل اور سستے انصاف تک رسائی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، فوری اور آسان انصاف ہی عوام کے مسائل کے حل اور انکی زندگیوں میں واضح تبدیلی کا ضامن ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ درآمدات کم کرنے اور برآمدات بڑھانے کے مثبت نتائج آرہے ہیں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ بیرونی ادائیگیوں کے توازن پر مرکوز ہے درآمدات میں کمی اور برآمدات بڑھانے کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، گزشتہ سال کی نسبت اس سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 6 ارب ڈالر کم ہوا جولائی2018ء کے مقابلے میں جولائی 2019میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں 73فیصد کمی آئی اور خسارہ ڈیڑھ ارب ڈالر کم ہوا کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی بڑی کامیابی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت خیبر پی کے کی اہم سرکاری عمارات اور سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو عوام کیلئے کھولنے اور بروئے کار لانے کے حوالہ سے پیشرفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیرِاعظم کو پانچ اہم سرکاری عمارات بشمول گورنر ہاؤس، کرناک ہاؤس، وزیرِاعلیٰ ہاؤس، سپیکر ہاؤس اور آئی جی ہاؤس کو عوام کیلئے دستیابی کے حوالہ سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا کہ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں واقع 49 ریسٹ ہاؤسز ستمبرسے عوام کو دستیاب ہوں گے۔ صوبے کے دیگر 169 ریسٹ ہاؤسز کے انتظام کے حوالہ سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان اور وزیر برائے ہاوسنگ طارق بشیر چیمہ نے وزیر اعظم آفس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ گورنر سندھ سے ملاقات میں وزیر اعظم نے گورنر کو ہدایت کی کہ وہ کراچی میں مقیم کشمیری برادری سے ملاقات کریں اور کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کریں۔ ملاقات میںکراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی ۔ وزیر اعظم ستمبر کے آخری ہفتے میںکراچی میں چار منصوبوں کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ گورنر سندھ کو باقی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ کلین کراچی مہم پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے بھی وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعظم عمران خان سے وزیر برائے ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ نے گھروں کی تعمیر کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔