نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے پر بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے والے بھارت کے سابق وزیر اور کانگریس کے رہنما پی چدم برم کو سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے کرپشن کیس میں گرفتار کر لیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان کی گرفتاری کے موقع پر جنوبی دہلی میں ان کی رہائش گاہ کے باہر کافی ڈرامائی صورتحال ہوئی اور پولیس اور سی بی آئی کے تفتیش کاروں نے چھت اور دیواریں پھلانگ کر گھر کے اندر رسائی حاصل کی کیونکہ ان کے گھر کے اطراف حمایتیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پی چدم برم پر الزام ہے کہ انہوں نے 2007 ء میں اپنے بیٹے کارتی چدم برم کے کہنے پر ایک ٹیلی ویژن کمپنی کے لئے غیرملکی فنڈز کی ایک بہت بڑی تعداد شامل کرنے کے لئے اجازت اور سہولت فراہم کی۔