محکمہ اوقاف کا ریگولیشن ایکٹ 2019 ء کی منظوری، خطیبوں، علماء کی پوسٹیں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

لاہور (سید عدنان فاروق) محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے ریگولیشن ایکٹ 2019، خطیب و علماء کرام کی اپ گریڈیشن، ٹائم پیریڈ سکیل پروموشن پالیسی کی منظوری کا فیصلہ کر لیا۔ حتمی منظوری آئندہ ہفتہ اوقاف بورڈ کے اجلاس میں دی جائے گی۔ مذکورہ اجلاس میں 2ارب 20کروڑ روپے سے زائد سالانہ بجٹ کی منظوری بھی لی جائے گی۔ بورڈ اجلاس میں ریگولیشن ایکٹ کی منظوری کے نتیجہ میں 3سال تک کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین ریگولر ہو سکیں گے جبکہ اپ گریڈیشن پالیسی بھی منظور کی جائے گی جس کے تحت گریڈ 7، 9اور 12کے 7سو کے قریب علماء و خطباء حضرات کی پوسٹیں اپ گریڈ ہو جائیں گی۔ بورڈ اجلاس میں ٹائم پیریڈ سکیل پروموشن پالیسی کی منظوری بھی دی جائے گی۔ جس کے نتیجہ میں 10سال تک ایک ہی گریڈ میںکام کرنے والے اگلے گریڈ میں ترقی پا جائیں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ اوقاف کے شعبہ فنانس نے مجوزہ بجٹ کی سیکرٹری اوقاف سے منظوری لے لی جس کے بعد بجٹ کی حتمی منظوری اوقاف بورڈ سے لی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزیر اوقاف کی زیرصدارت اجلاس میں مزارات کے انتظام و انصرام، نئی عمارتوں کی تعمیر ، جہیز فنڈز ملازمین کی تنخواہوں سمیت اوقاف ہسپتال اور ڈسپنسریوں کے لئے فنڈز رکھے جائیں گے، بجٹ میں آمدن کا تخمینہ 2ارب 40کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن