لاہور(کلچرل رپورٹر)ادبی وثقافتی تنظیم وجدان کے زیرِاہتمام ’’آزادی میوزیکل شو‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ مہمانانِ گرامی میں رانا عطاء محمد، احسان الحق ملک، چوہدری بشیر احمد زاہد گورایہ، اورنگزیب ملک، بینا گوئندی، ملک علی احسن اور ڈاکٹر صغرا صدف شامل تھے۔ پاکستان کے گلوکار خلیل حیدر، عمران شوکت علی، سائرہ طاہر، شبانہ عباس، ناصر بیراج، سجاد بری، آئزہ سحر، علی راج، روہیل وقاص، کنول مجید، انمول، عمران ناصر اور ڈاکٹر صدائے عالم نے جشن آزادی کے حوالے سے ملی نغمے اور ترانے پیش کر کے وطن سے اپنی محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ صدروجدان نبیل نجم نے کہا جس طرح ہمارے بڑوں نے قربانیاں دے کر اس وطن کو حاصل کیا ہے ہمیں اِس وطن کی قدر کرنی چاہیے۔ نہ صرف وطن عزیز کی خاطر بلکہ کشمیری بھائیوں کے لیے بھی ہمارے خون کا ایک ایک قطرہ حاضر ہے۔ انھوں نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وجدان اِس طرح کی ادبی اور ثقافتی تقاریب کا اہتمام آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ اس خوبصورت تقریب میں ٹی وی، فلم، سٹیج، اخبارات، ریڈیو اور مختلف طبقۂ فکر کی مشہور شخصیات کے علاوہ حسن جلیل، محمود الحسن گیلانی، یاسر شمعون، رانا عبدالمجید، جاوید قصوری اور شہزادہ عماد تابش نے بھی شرکت کی۔ اِس خوبصورت تقریب میں نظامت کے فرائض انعام خان اور ممتاز ملک نے سر انجام دئیے۔