ملک میں مرزائیوں کااثرورسوخ ناقابل قبول ہے،صاحبزادہ زبیر ہزاروی

کراچی (نیوز رپورٹر ) مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے ناظم اعلیٰ صاحبزادہ زبیر ہزاروی نے کہاہے کہ 24اگست کو کراچی کے تاریخی خالقدیناہال میں ہونے والی عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس اتحاداہلسنّت کا عظیم مظہر ہوگی،قائدین اہلسنّت ختم نبوت کانفرنس میں منکرین ختم نبوت قادیانیوں کی ملک میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے سدباب کے لئے لائحہء عمل طے کریں گے۔وطن عزیزمیں مرزائیوں کااثرورسوخ ناقابل قبول ہے، حکومت قادیانیوں کی سرگرمیوں کو فی الفورروکے۔ یہ باتیں انہوں نے مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے تحت ہفتے کو ہونے والی ختم نبوت کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں شہر کے دورے کے دوران علماء ومشائخ سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے بتایاکہ کانفرنس کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں،24اگست کو ہونے والی ختم نبوت کانفرنس فقیدالمثال ہوگی، ہم نے علماء اور مشائخ کو دعوت نامے پہنچادیئے ہیں،علمائے کرام اور مشائخ عظام بڑی تعدادمیں کانفرنس میں شریک ہوں گے۔صاحبزادہ زبیر ہزاروی نے بتایاکہ کانفرنس سے مرکزی امیر مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان پیر میاں عبدالخالق قادری آف بھرچونڈی شریف، مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ پیر سید عرفان احمدشاہ مشہدی، مفتیء اعظم سندھ وصوبائی امیر مفتی محمدجان نعیمی، استاذالعلماء مفتی جمیل احمدنعیمی، مفتی عبدالعلیم قادری ودیگر خطاب کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن