قندھار(شِنہوا)افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار کے ضلع آرغستان میںطالبان عسکریت پسندوں نے صحت کلینک بندکردیاہے۔ڈکٹرز اورعملے کیلئے کلینک کے مرکزی دروازے پر چسپاں ایک خط میں طالبان نے خبردار کیا ہے کہ کلینک کے اندر کوئی بھی اجازت کے بغیر داخل نہیں ہوسکتا اور خلاف ورزی کرنے والے کو سزا دی جائے گی۔چونکہ گزشتہ چند سالوں سے ضلع آرغستان کے زیادہ تر علاقوں پر طالبان کا قبضہ ہے اس لئے اس معاملے پر بیان جاری کرنے کیلئے کوئی سرکاری عہدیدار موجود نہیں۔تاہم مقامی لوگوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ طالبان نے مرد ڈاکٹروں کے خواتین کے ساتھ کام کرنے کی بنیاد پر کلینک بند کیا ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ طالبان نے بیمار خاتون کو اس وقت تک کلینک جانے کی اجازت نہیں دی جب تک اس کے ساتھ کوئی قریبی رشتہ دار موجود نہ ہو۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ طالبان نے حکومتی عہدیداروں اور سکیورٹی فورسز کو ضلع سے دور رکھنے کیلئے سڑکوں پر بارودی سرنگیں بچھارکھی ہیں اور اس کے علاوہ صوبائی صدرمقام قندھار کی جانب جانے والی بڑی شاہراہوں اور گلیوں پر بلڈوزر چلا دیا ہے۔