اسلام آباد(وقائع نگار )اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے نادرا اتھارٹی بورڈ تشکیل دینے کی درخواست پر کابینہ ڈویژن اور وزارت داخلہ کوجواب کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کردیے۔گذشتہ روز سماعت کیدوران حافظ عرفات ایڈووکیٹ نے کہاکہ سابق ڈی جی نادرا محمد اشفاق کی برطرفی کے خلاف محکمانہ اپیل زیر التوا ہے،نادرا اتھارٹی بورڈ کی تشکیل نہ ہونے کے باعث اپیل پر فیصلہ نہیں ہو پا رہا، پانچ رکنی نادرا اتھارٹی بورڈ کی دو سال سے تشکیل نہیں ہوئی، ایک وزارت کے اعلی افسر نے بتایا کے ان کے ماتحت محکموں کے 12 سربراہان نہیں لگائے گئے، جس پرجسٹس عامرفاروق نے کہاکہ یہ بدقسمتی ہے کہ اداروں کے سربراہان نہیں لگا رہے اور افسران کو قائم مقام چارج دے دیا جاتا ہے،عدالت نے جلد سماعت کی درخواست منظور کرتے ہوئے فریقین سے دوبارہ جواب طلب کر لیااور کیس کی سماعت ستمبر کے پہلے ہفتے میں مقرر کرنے کی ہدایت جاری کردی۔