سائٹ صنعتی علاقے میں گیس پریشر صفر، پیداواری سرگرمیاں معطل

کراچی(اے پی پی) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر سلیمان چاؤلہ نے کراچی کے سب سے بڑے صنعتی علاقے سائٹ میںسوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے صنعتوں کے گیس پریشر میںکمی کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے مطلوبہ پریشر کے ساتھ صنعتوں کو فی الفور گیس کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعہ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ 3دن سے سائٹ کی صنعتوں میں گیس کا پریشرنہ ہونے کے برابر ہے جس سے پیداواری سرگرمیاں تعطل کا شکار ہوگئی ہیں اور صنعتکاروں باالخصوص برآمدی صنعتوں کو پیداواری سرگرمیاں جاری رکھنے میں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرونا وباء سے پیداہونے والے سنگین بحرانوں میں صنعتوں کو پیداواری سرگرمیاں مکمل طور پر بحال کرنے میں پہلے ہی دشواریوں کا سامنا ہے ،ان تمام تر مشکلات کے باوجود صنعتکار برادری ملکی معیشت کوکرونا سے پڑنے والے اثرات سے بچانے میں اپنا کردار کررہی ہے مگر ایس ایس جی سی کے یہ حالیہ اقدام نے صنعتوں کی بحالی تو دور کی بات صنعتوں کو بند کرنے پرمجبورکردیا ہے جس کا حکومت کو نوٹس لینا چاہیے۔ سلیمان چاؤلہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صفر گیس پریشر کا مسئلہ حل نہ کیا گیا اورسائٹ کی صنعتوں کو مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی توبیشتر صنعتیں بند ہوجائیں گی جس سے نہ صرف برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل خطرے میں پڑسکتی ہے بلکہ صنعتوں کی بندش کی صورت میں ورکرز کے بے روزگار ہونے کے بھی خدشات ہیں لہٰذا سوئی سدرن گیس ملک کے بہتر ترین معاشی واقصادی مفاد میںصنعتوں کو مطلوبہ ضرورت کے مطابق گیس کی فراہم کرے تاکہ صنعتی پہیہ بلارکاوٹ گھوم سکے ۔

ای پیپر دی نیشن