چمن(صباح نیوز)چمن میں پاک افغان سرحد کومکمل طورپر کھول دیا گیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق چمن میں سرحد کھولنے کے بعد دوطرفہ آمدورفت اور تجارت بحال ہوگئی۔ سرحد پر آمدورفت اور تجارت پرانی پوزیشن پر بحال کی گئی اور مال سے بھرے ٹرک سرحد عبور کررہے جبکہ بارڈر پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔ پاک افغان سرحد پر ایف آئی اے کا ویزہ اور پاسپورٹ سیکشن بھی کھول دیا گیا ۔ دونوں ممالک کے درمیان شہریوں کی پیدل آمد و رفت کو بھی کھول دیا گیا ۔ سرحد کے دونوں جانب پھنسے شہریوں کی بڑی تعداد اپنے ملک لوٹنا شروع ہوگئے ۔واضح رہے کہ پاک افغان سرحد مارچ میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلائو کے باعث بند کی گئی تھی۔ اس دوران چمن میں تجارتی اور کاروباری برادری کی جانب سے دھرنا بھی دیا گیا تھا جبکہ پرتشدد مظاہرے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔