کراچی+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے خواب دیکھنے والے ہوش میں آئیں۔ فطری مسائل کو بنیاد بنا کر شہر وفاق کے حوالے کرنے کے مطالبات ہوئے تو یہ سلسلہ رکے گا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر قائد کی ترقی کیلئے مثالی کردار ادا کیا۔ کراچی کے فیصلے وفاق کی بجائے کراچی والوں کو کرنے کا حق ہے۔ پی پی اپنے اختیارات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔ بلاول کی زیر صدارت پی پی کی کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں سرکاری افسر یا سول سوسائٹی سے ایڈمنسٹریٹر کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔ بلدیاتی حکومتوں کی مدت پوری ہونے کے بعد بلدیاتی اداروں کو مزید بہتر کیا جائے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی تنظیم نو کا فیصلہ کرلیا ہے۔