عثمان بزدار کی زیر صدارت اتحاد بین المسلمین کمیٹی اجلاس ، محرم الحرام میں امن کیلئے تعاون کرینگے: علما

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت  اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ  محرم الحرام ہمیں سید الشہداء امام حسینؓ کی راہ حق میں لازوال قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ امام حسینؓ کی قربانی اور اس ماہ کا تقدس مسلمانوں میں اتحاد اور یکجہتی کا متقاضی ہے۔ کرونا سے بچاؤ کی مہم کے دوران بالخصوص علماء کرام کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا کردار ہمیشہ سے قابل قدر ہے۔  علماء  کرام کے تعاون‘ حکومت کے انتظامی اقدامات اور ذرائع ابلاغ کے مثبت کردار کی وجہ سے امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ ضلع‘ تحصیل‘ گاؤں اور یونین کونسل کی سطح پر بھی اتحاد بین المسلمین کمیٹیاں سر گرم عمل ہیں۔ محرم الحرام کے دوران بھی کرونا ایس او پیز کو مد نظر رکھا جائے گا۔ علماء کرام کی تمام تر قابل عمل سفارشات اور تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ اسلحہ، لاؤڈ سپیکر، وال چاکنگ اور فرقہ وارانہ مواد کی نشرواشاعت پر پابندی کے قانون پر موثر انداز میں عملدرآمد کرایا جائے گا۔ حالات غیرمعمولی اقدامات کے متقاضی ہیں۔ ہم سب نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ اجلاس میں علماء کرام نے  تحریک انصاف کی حکومت کے 2سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کمال بصیرت کے ساتھ 2سال مکمل کئے۔ اتحاد بین المسلمین کمیٹی نے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کوخراج تحسین پیش کیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اسرائیل کو تسلیم نہ کر کے مسلمانوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف موثر قانون سازی کا مطالبہ کیا گیا۔ علماء کرام نے امید ظاہر کی کہ مجالس عزا اور جلوسوں میں بھی کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عثمان بزدارکی زیر صدارت اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس میں اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے حکومتی فیصلے کی تائید اور تحسین۔ پاکستان کے قیام اور اس کے استحکام میں علمائے کرام اور دینی شخصیات کا کردار ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ وطن عزیز کے معروضی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ علماء کرام اور مذہبی ودینی شخصیات قومی یکجہتی، ملکی استحکام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مجموعی امن وامان کے لئے ہمیشہ کی طرح اپنا اساسی اور کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ہم حکومت پنجاب کی وساطت سے پوری قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ محراب و منبر دفاع وطن اور قومی وملی سلامتی کے تقاضوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔ ہم ضرورت پڑنے پر، پوری قوم کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحدو متفق کھڑ ے ہوں گے۔ جملہ مکاتب فکر کے علماء  /خطباء  اور ذاکرین اپنے خطبات میں میانہ روی اور مثبت رویہ احتیار کریں گے تاکہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا نہ ہو۔ مزید براں اسلام اپنی تعلیمات میں اہل کتاب اور غیرمسلموں سے بھی رواداری کا سبق دیتا ہے۔ لہذا علماء کرام اپنے خطبوں میں رواداری اور اتحاد امت پر بھی خصوصی زور دیں گے اور باہمی افتراق سے مکمل احتراز کریں گے۔ بالخصوص محرم الحرام کے دوران امن وامان کے قیام کیلئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء  اس امر پر بھی متفق ہیں کہ کسی مسلمان کی دل آزاری نہ کی جائے، جس کے لئے ہم سب ’’اپنے مسلک کو چھوڑو نہ اور دوسروں کے مسلک کو چھیڑو نہ‘‘ کی پالیسی پر سختی سے کاربند رہیں گے۔ سردار عثمان بزدارسے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ملاقات کی۔ ملاقات میں  ترقیاتی منصوبوں، انتظامی معاملات اور سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے گورنر پنجاب کو محرم الحرام کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔ چودھری محمدسرور اورسردار عثمان بزدار نے کہاکہ اپوزیش شور شرابے کی بجائے اب انتخابات کاانتظار کرے۔ صوبے میں ترقی و خوشحالی لانا ہمارا عزم ہے،مخالفین کا وطیرہ منفی سیاست ہے۔ مل جل کر اپوزیشن کی منفی سیاست کو ناکام بنائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...