کوئٹہ +اسلام آباد(این این آئی+نمائندہ خصوصی) گوادر دھماکے میں گز شتہ روز زخمی ہونے والا ایک اور بچہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔ جس کے بعد دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ تینوں بچوںکو آہوں اور سسکیوں سے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ جبکہ گوادر شہر کی فضاء ہفتہ کو سوگوار رہی۔ دوسری جانب گوادر میں چینی عملے کے قافلے پر ہونے والے خود کش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کر لیا گیا۔ مقدمہ میں قتل، اقدام قتل، ایکسپلوسیو اوردہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ عملے کے قافلے پر خودکش حملے میں 3 مقامی بچے جاں بحق اور ایک بچہ سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوادر میں چینی شہریوں کے قافلے پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے ،پی پی پی چیئرمین کا دہشتگرد حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کرے،وفاقی حکومت پاکستان میں اپنے شہریوں کے تحفظ و سکیورٹی کے متعلق حکومتِ چین کے خدشات دور کرے،پی پی پی چیئرمین نے دہشت گرد حملے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے حملے میں زخمی ہونے والوں کے بہترین علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔