تاریخی مہنگائی‘ حکومت کے سبز باغوں کی حقیقت سامنے آ گئی: حمزہ شہباز 

Aug 22, 2021

 لاہور/ گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) لیگی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ تاریخی مہنگائی سے حکومت کی طرف سے عوام کو دکھائے سبز باغوں کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔میاں حمزہ شہباز گذشتہ روز گوجرانولہ سے پارٹی کے رکن اسمبلی قیصر اقبال سندھو کے گھر گوجرانولہ گئے جہاں انہوں نے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور ان کے درجات کی بلندی اور مغفرت کیلئے دعا کی اور لواحقین کے لیے صبر کی تلقین کی۔ بعدازاں مقامی ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں وکارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تین سالوں میں ترقی کرتی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا۔ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے سبب کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں  تاریخی سطح پر پہنچیں اور نااہلی کی وجہ سے انہیں کنٹرول نہیں کیا جا سکا۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ آٹے، چینی، گوشت، دودھ اور دالوں سمیت کھانے پینے کی اشیاء پچاس فیصد سے بھی زائد مہنگی ہو چکی ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی آٹے، چینی، گھی وغیرہ کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں سینکڑوں لوگوں کی جانب سے ایک خاتون اور اس کے ساتھیوں کو ہراساں کیے جانے پر  ان کا کہنا تھاکہ کچھ معاشرتی برائیوں کی جڑیں بہت مضبوط ہیں۔ مینار پاکستان کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ایسے واقعات سے ہی بھاری رقوم دیکر تعینات ہونے والے افسران کی نااہلی ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن افغانستان ہی پرامن پاکستان کی ضمانت ہے۔

مزیدخبریں