اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ این این آئی) وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کابل میں پاکستان کا کردار دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، پی آئی اے کے ذریعے چودہ سو افراد کو کابل سے پاکستان لایا جا چکا ہے۔بیان میں انہوں نے کہا کہ افغان صورتحال پر اہم پیغام میں کہا کہ کابل سے پاکستان لائے گئے افراد میں سفارتکار،صحافی،عالمی نمائندے شامل ہیں، کابل میں پاکستانی سفارتخانہ4ہزار افراد کو ویزا جاری کرچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن اور استحکام کے لئے ہمارا کردار سب سے اہم ہے، افغانستان کی صورتحال پرتمام عالمی اور علاقائی طاقتوں کیساتھ قریبی رابطہ ہے، افغانستان میں حکومت سازی افغانستان کے عوام نے کرنی ہے۔ ہماری کوششیں پرامن اور مستحکم افغانستان کیلئے جاری ہیں۔کابل میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث صحافیوں، انٹرنیشنل میڈیا کے ارکان، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور مختلف سفارت خانوں کے عملہ کا انخلاء مشکل ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانہ کو انٹرنیشنل میڈیا سمیت پوری دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے۔