ون ویژن فور گولز پروگرام کا مقصد صرف انسانیت کی خدمت ہے:بیگم پروین سرور

Aug 22, 2021

لاہور(لیڈی رپورٹر)گور نر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور نے عوام کو مختلف شعبوں میں ریلیف فراہم کر نے کیلئے ’’ون ویژن فور گولز ‘‘کے نام سے پروگرام کا آغاز کر دیا۔پینے کے صاف پانی ،صحت ،تعلیم اور شجرکاری کے شعبوں میں کام کیا جائے گا۔پہلے مر حلے میں 2فلٹر یشن پلانٹس کا افتتاح اور ایک کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا۔ایک ہزار پھل دار درخت بھی لگا دیئے ہیں۔ گور نر پنجاب کی اہلیہ و سرور فائونڈیشن کی چیئر پرسن بیگم پروین سرور نے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم نے پنجاب آب پاک اتھارٹی ،ٹیوٹا ،اسلامک ایڈ ،سرورفائونڈیشن اورآفاق کے ساتھ ملکر ون ویژن فور گولز کے نام سے پروگرام بنایا ہے اس کا مقصد صرف اور صرف انسانیت کی خدمت کر نا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ پروگرام  کے پہلے مرحلے میں سر گودھا میں 2فلٹر یشن پلانٹس کا افتتاح بھی کر دیا ہے جہاں سے روزانہ ہزاروں افر اد مفت پینے کا صاف پانی حاصل کر سکیں گے۔بیگم پروین سرور نے مزید بتایا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ صحت اور تعلیم کی عدم سہولیات کی فراہمی بھی عوام کا ایک مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے ون ویژن فور گولز خصوصاً دیہاتی علاقوں میں بھر پور کام کر ے گی جس کے لیے ہفتہ وار میڈ یکل کیمپ لگانے کے ساتھ بچوں کو مفت کتابیں بھی دی جائیں گی اور جہاں بہت ضروری ہوگا وہاں فلاحی تنظیموں اور ٹیوٹا کے اشتراک سے سکول بھی بنائے جائیں گے ۔بیگم پروین سرور نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ہی میری زندگی کا مشن ہے اور تاریخ میں بھی انسانیت کی خدمت کرنیوالے لوگ ہی زندہ رہتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو اللہ تعالی نے بہت کچھ دیا ہے ان کو چاہیے کہ وہ انسانیت کی خدمت کے لئے آگے بڑھ کر کام کر یں۔ 

مزیدخبریں