انکم ٹیکس  جمع کرانے کی تاریخ 31 دسمبر تک بڑھائی جائے، احسن بختاوری

کراچی(کامرس رپورٹر) آئی سی سی آئی کے سابق نائب صدر احسن بختاوری نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے ملک کرونا کی چوتھی لہر کی زد میں ہے جس کی وجہ سے کاروبار تعطل کا شکار ہے اس کے علاوہ عیدالاضحی اور محرم الحرام کے مہینے کی وجہ سے کاروباری ادارے اور دفاتر پوری طرح اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرنے سے قاصر ہیں لہذا ملک بھر کا کاروباری طبقہ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سے اپیل کرتا ہے کہ موجودہ مالی سال کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 31 ستمبر سے بڑھا کر 31 دسمبر کر دی جائے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس اقدام سے کاروباری طبقہ میں سکون اور اطمینان پیدا ہوگا اور وہ زیادہ بہتر طریقے سے کاروبار کر کے زیادہ سے زیادہ انکم ٹیکس جمع کرانے کی طرف توجہ دینگے۔احسن بختاوری نے مزید کہا کہ کراچی میں ایک ماہ کا لاک ڈاؤن اور دفاتر میں 50 فیصد حاضری اور کرونا کی بڑھتی ہوئی لہر کی وجہ سے کاروباری طبقہ عدم سکون اور عدم اطمینان کا شکار ہے جبکہ گوشوارے جمع کرانے کیلئے ماحول اور سکون بنیادی اہمیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ کا تعلق پرائیویٹ سیکٹر سے ہے اور ان کے وزیر بننے کے بعد کاروباری طبقہ بزنس فرینڈلی ماحول کی طرف بڑھ رہا ہے اور ان کا یہ اقدام اس تاثر کو مزید گہرا کرنے کا سبب بنے گا انہوں نے ایف بی آر کے چیئرمین عاصم احمد سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس تجویز کا سنجیدگی سے نوٹس لے کر اپنی سفارشات وزیر خزانہ کو بھجوائیں۔

ای پیپر دی نیشن