اسلام آباد(پی پی آئی) انڈر انوائسنگ، ٹیکس چوری کے خاتمے کیلئے ایف بی آر نے سیلز ٹیکس کا مکمل ریکارڈ رکھنے کے لئے بڑے ریٹیلرز سے خریداری پر جی ایس ٹی انوائس ٹیکس عائد کر دیا ہے۔نئے ٹیکس کے ذریعے ریٹیلرز کا ریکارڈ مرتب اور ٹیکس چوری کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے خصوصی نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹیلرز صارفین سے پوائنٹ آف سیل، سروس فیس کے نام پر ایک روپیہ اضافی ٹیکس وصول کریں گے، جس کے ذریعے ریٹیلرز کی تمام معلومات ایف بی آر سسٹم میں بھی اپڈیٹ ہوں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صارفین کو دی گئی رسید کی کاپی اور ٹیکس ماہانہ کی بنیاد پر ایف بی آر میں جمع ہوگا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو ٹیکس وصولی کیلئے ہیڈ آف اکاونٹ ڈپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لائے گا، ایف بی آر تمام بڑے ریٹیلرز سے سیلز ٹیکس انوائس کے حساب سے ٹیکس جمع کرے گا۔ مرتب کردہ ریکارڈ پر ٹیکس دہندگان کو قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات بھی دیئے جائیں گے۔