کراچی(کامرس رپورٹر)وفاق ایوان ہائے تجارت کو صنعت کے صدر ناصر حیات مگوں نے کہا ہے کہ فیڈریشن کے ریسرچ سینٹر نے کام شروع کر دیا ہے اور اب حکومت کے ساتھ مکمل اعدادوشمار کے ساتھ بات چیت ہوگی۔ فیڈریشن ہائوس کراچی میں ایف پی سی سی آئی کی مرکزی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پریس اینڈ میڈیاکے کنوینر شہریار جنجوعہ، ڈپٹی کنوینر اشرف خان، کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹ کے صدر راجہ کامران سیکریٹری کاشف منیر اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات میں کہی۔ ناصر حیات مگوں کا کہنا تھا کہ ایف پی سی سی آئی ماہ نومبر میں اپنی بجٹ تجاویز حکومت کو ارسال کر دیگی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ان کے گروپ نے فیڈریشن کو مالی طور پر مستحکم کیا ہے۔ تمام عہدیداران اپنے خرچے پر سفر کرتے ہیں اور بزنس کمیونٹی کی خدمت کررہے ہیں۔ ناصر حیات مگوں نے کہا کہ وہ کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ہمیں موثر تجاویز مل سکیں اور انہیں حکومت کو پیش کیا جاسکے۔ اس موقع پر راجہ کامران کا کہنا تھا کہ سیج ے ممبران ملکی معیشت اصل صورتحال کی عکاسی کے حوالے سے اپنی صحافتی ذمہ داریاں سرانجام دیتے رہیں گے۔ کاشف منیر کا کہنا تھا کہ سیج تنقید کا حق محفوظ رکھتے ہوئے معاشی رپورٹنگ جاری رکھیں گے۔ایف پی سی سی آئی کی مرکزی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پریس اینڈ میڈیاکے کنوینر شہریار جنجوعہ نے کہا کہ فیڈریشن کی پریس اور میڈیا کمیٹی کا اجلاس آئندہ چندروز میں منعقد ہوگا جس میں اہم تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
فیڈریشن کے ریسرچ سینٹر نے کام شروع کر دیا، ناصر حیات مگوں
Aug 22, 2021