کراچی(این این آئی)پاکستان سٹاک مارکیٹ 3دن تک محدود رہنے والے کاروباری ہفتہ کے دوران مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 400پوائنٹس بڑھ گیا جس کے باعث انڈیکس 47500پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 52ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 83کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ53.76فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔یوم عاشور کی2روزی سرکاری تعطیلات کی وجہ سے مارکیٹ کیلئے گذشتہ کاروباری ہفتہ3دن تک محدود رہا۔سٹاک مارکیٹ کے مطابق آنیوالے دنوں میں افغانستان میں استحکام کی امید ،وفاق کی جانب سے برآمدی صنعتوںکو رعایتی ٹیرف پر بجلی و گیس کی فراہمی جاری رکھنے کے فیصلے اور دیگر مثبت معاشی خبروں ،غیر ملکی ٹرانسپورٹ کمپنی ائیر لفٹ کی گلوبل انویسٹرز سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے 85ملین ڈالر حاصل ہونے اور وزیر اعظم کی گاڑیوں سمیت دیگر غیر ضروری اشیاکی درآمدات کی حوصلہ شکنی کرنے کی ہدایت جیسے عوامل کے باعث مارکیٹ میں2دن تیزی رہی اور اس دوران انڈیکس687.03پوائنٹس بڑھ گیا تاہم آئی ایم ایف سے رواں ماہ 2.8ارب ڈالر کا رعایتی قرض وصول ہونے سمیت اقتصادی محاذ پر مثبت اطلاعات کے باوجود افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور محرم الحرام کی تعطیلات کی وجہ سے سرمایہ کاری کے بیشتر شعبوں کی جانب سے مارکیٹ میں عدم دلچسپی کا مظاہر ہ کئے جانے کے سبب1دن کی مندی سے انڈیکس 257.05پوائنٹس لوز کر گیا تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ پر تیزی کے اثرات غالب رہے ۔
رواں ہفتے سٹاک مارکیٹ 3روزتک محدود ‘تیزی کا رجحان رہا
Aug 22, 2021