راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے )بورڈ کا اساتذہ کے معاوضوں میں بیس فیصد اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا گزشتہ روز بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس کمشنر راولپنڈی ڈویژن/چیرمین بورڈ نور الامین مینگل کی صدارت میں ہوا جس میں پروفیسر ناصر محمود اعوان کنٹرولر امتحانات کی سفارش پر بورڈ امتحانات کے انعقاد اور حل شدہ جوابی کاپیوں کی مارکنگ میں تعاون کرنے والے اساتذہ کرام کے معاوضہ جات میں بیس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا جس سے اساتذہ کرام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور بیشتر اساتذہ کرام نے انفرادی طور پر اور ان کی نمائندہ تنظیموں نے اجتماعی طور پر دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر کمشنر راولپنڈی نور الامین مینگل اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ناصر محمود اعوان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور راولپنڈی بورڈ کے ساتھ آئندہ بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن/چیرمین بورڈ اور کنٹرولر امتحانات نے اساتذہ کرام سے گزارش کی کہ وہ بورڈ کے امتحانات کو نقل سے پاک کرنے اور مکمل طور پر صاف شفاف اور معیاری بنانے میں بورڈ کا ساتھ دیں تاکہ اس بورڈ کو مثالی بنایا جا سکے اور اس کی اسناد کو پاکستان بھر میں اعلی مقام دلایا جا سکے۔