پاکستان طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا :ثمینہ ممتاز زہری 

Aug 22, 2022


کوئٹہ (بیورورپورٹ)بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی نائب صدر وسینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا اور ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرنی چاہئے کہ ہم اپنے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج آزاد فضاو¿ں میں سانس لے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آج بھی ہمارے ازلی دشمن بھارت نے ہماری آزادی کو تسلیم نہیں کیا اور پاکستان بالخصوص بلوچستان کے خلاف شرپسندانہ کارروائیوں میں ملوث رہتا ہے ،آج بھی بلوچستان میں ایسے بھٹکے ہوئے عناصر موجود ہیں، جو آزادی جیسی نعمت کی قدر نہیں کرتے اور پاکستان کے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلتے ہوئے اپنے ہی وطن کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں،لیکن دشمن کو یاد رہے کہ پوری پاکستانی قوم ملکی سلامتی کے معاملے پر ایک ساتھ ہے اور دشمنوں کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے آزادی کی قدر نہیں کی وہ صفحہ ہستی سے مٹ گئیں،ہمیں آزادی کی قدر کرنا چاہئے ،آزاد قومیں اپنا جشن آزادی شایان شان طریقے سے مناتی ہیں اور ہم جشن آزادی ملکی وقار اور شایان شان طریقے سے منائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ہمارے پیارے ملک پاکستان نے کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں دشمنوں نے پاکستان کے استحکام پر کئی وا ر کئے، لیکن ہماری افواج نے ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ خاک میں ملایا اور اس مقصد میں ہمارے جوانوں نے جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے جنہیں کبھی بھلایا نہیں جا سکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے خصوصاً بلوچستان میں بڑے پیمانے نقصان ہوا ہے اور کئی سینکڑوں قیمتی جانوں سمیت ہزاروں گھر مسمار ہو گئے ہیں، کھڑی فصلوں اور مال مویشیوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جشن آزادی کے موقع پر سیلاب سے متاثرہ افراد کو نہیں بھولنا چاہیے اور حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ حتی الوسع متاثرہ علاقوں میں مدد اور ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔

مزیدخبریں