قدرتی آفات کے سامنے انسانیت بے بس ہے:کمشنر نصیرآباد

Aug 22, 2022


کوئٹہ ( اے پی پی ) کمشنر نصیرآباد فتح خان خجک نے ڈپٹی کمشنر عظیم جان دمڑ کے ہمراہ ضلع صحبت پور میں کوہ سلیمان سے آنے والے سیلابی ریلے اس سے ہونے والے نقصانات اور کشتی کے ذریعے سیلاب متاثرین کو ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عظیم جان دمڑ نے کمشنر فتح خان خجک کو بتایا کہ کوہ سلیمان سے آنے والے سیلابی ریلے سے پٹ فیڈر کینال اور اوچ شاخ پر مختلف مقامات پر شگاف پڑ گئے ہیں جبکہ صحبت پور شہر کی وسط سے گزرنے والی سم شاخ بھی منہ برابر چل رہی ہے ،سیلاب سے گوٹھ محمد امین گوٹھ غلام حسین کنڈرانی گوٹھ حاجی جمل گوٹھ خدا بخش گاجانی سمیت دیگر درجنوں دیہات سیلاب کی زد میں آئے ہیں ،شدید بارشوں کی وجہ سے پانی کے دباو¿ میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ عوام کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ، تاہم قدرتی آفات کے سامنے انسانی طاقت بے بس ہو کر رہ جاتی ہے، پی ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیمیں بھی ضلع صحبت پور پہنچ چکی ہیں اس سے قبل ڈپٹی کمشنر آفس صحبت پور میں رکن صوبائی اسمبلی میر سلیم خان کھوسہ نے کمشنر فتح خان خجک سے ملاقات کی اور سیلابی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر میر عطاءاللہ خان کھوسہ اسسٹنٹ کمشنر عبدالکریم بگٹی ریاض احمد کھوسہ اور حاجی یار محمد کھوسہ موجود تھے جبکہ سیلاب متاثرین کے ریسکیو آپریشن کے موقع پر 53ونگ کے کمانڈر کرنل عامر شہزاد میجر بلال ایس ایس پی عبدالطیف بلوچ ایکس ای این ڈرینیج سسٹم مدثر کھوسہ تحصیلدار سیف الدین کھوسہ حذب اللہ کھوسہ خاوند بخش کھوسہ سمیت دیگر افراد موجود تھے۔کمشنر نصیرآباد فتح خان خجک نے کہا کہ قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا ناممکن ہے مگر کوشش کی جائے کہ عوام کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں ،سیلاب ذدہ علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے سیلاب متاثرین کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا جائے اور متاثرین میں راشن اور ٹینٹ کی فراہمی کے لیے اقدامات کو یقینی بنائیں۔

مزیدخبریں