بھارت کا دہشت گردی منصوبہ بنانے  کا واویلا ، پاکستان نے الزامات کو جھوٹ قرار دیدیا 

Aug 22, 2022


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے بھارت کی جانب سے دہشتگردی کے تمام دعووں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا جھوٹے دعوے کر رہا ہے کہ کچھ ہتھیاروں کے ساتھ خالی کشتی قبضے میں لی گئی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مبینہ واقعات کو توڑ مروڑ کر  پیش کیا جا رہا ہے، بھارت پراپیگنڈا کر کے پاکستان کے خلاف منظم دہشتگردی کا بیانیہ آگے بڑھا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق بھارتی میڈیا مبینہ واقعہ کو نام نہاد ممبئی طرز  کے حملے کی منصوبہ بندی سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارتی الزامات پاکستان کو بدنام کرنے اور  پھر دہشتگردی کو جنم دینے کے بھارتی منصوبے کا تسلسل ہے، بھارت کے تمام الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کسی بھی ممکنہ فالس فلیگ سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں‘ بھارت 2019ء کے واضح اور بھرپور جواب کو یاد رکھے‘ غلطی کو دوبارہ نہ دہرایا جائے۔ ترجمان دفتر خارجہ کہنا ہے کہ بھارت نے چند مبینہ واقعات کو توڑ مروڑ کر اسے دہشتگرد منصوبے کا نام دیا‘ معاملہ کو نام نہاد ممبئی طرز کے حملوں کی منصوبہ بندی کے جھوٹے دعووں سے جوڑنے کی کوشش کی‘ یہ سب پاکستان کو دہشت گردی کے پیرائے میں بدنام کرنے کی مذموم مہم کا تسلسل ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی واٹس ایپ نمبر سے ایک پیغام کو روکا گیا، مہاراشٹر میں ایک خالی کشتی کو کچھ ہتھیاروں کے ساتھ قبضے میں لے لیا۔

مزیدخبریں