شہباز گل کیلئے بنائے میڈیکل بورڈ میں پھر تبدیلی‘ پمز کے سرجن شامل‘ پولیس انکوائری مکمل‘ آج عدالت پیش ہوگی

Aug 22, 2022


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے علاج معالجے کیلئے قائم نئے میڈیکل بورڈ میں پھر تبدیلی کر دی گئی۔ پمز کے جنرل سرجن ڈاکٹر طارق عبداللہ کو میڈیکل بورڈ میں شامل کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاطب انعام شامی کلینیکل مصروفیات کے باعث بورڈ سے الگ ہو گئے ہیں۔ شہباز گل کے علاج کیلئے 4 رکنی میڈیکل بورڈ گزشتہ روز قائم کیا گیا تھا جبکہ پی ٹی آئی رہنما نے احتجاجاً کھانا پینا بھی چھوڑ دیا ہے۔ چار رکنی بورڈ شہباز گل کی صحت سے متعلق رپورٹ تیار کرے گا جبکہ میڈیکل بورڈ شہباز گل کے علاج اور ہسپتال سے چھٹی کے حوالے سے سفارشات دے گا۔  رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔ شہباز گل پر تشدد کے الزامات کی پولیس انکوائری مکمل ہو گئی۔ رپورٹ آج اسلام آباد ہائیکورٹ کو پیش کی جائے گی۔ انکوائری رپورٹ آئی جی اسلام آباد کی زیرنگرانی خصوصی کمیٹی نے تیار کی ہے۔

مزیدخبریں