فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان ریلوے پریم یونین کے چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری نے یوم ِآزادی کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان،وزرائ،حکومتی اعلیٰ افسران،وی آئی پیز کی موجودگی میں منعقد ہ سرکاری تقریب میں رقص وسرور کی محفل کوحکمرانوں کی اخلاقی تنزلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے کھلم کھلا پاکستان کی اسلامی نظریاتی اساس کا مذاق اڑایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ اسلام اورپاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ نہیں،بلکہ اُن سرحدوں کو پامال کرنے والے اصل مجرم ہیں اورحقیقتاً استعماری قوتوں کے غلام ہیں اور اُن قوتوں کو خوش کرنے کے لیے اس طرح کے رقص کی محفلیں بھی سجائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک حکمرانوں نے آئین اور قانون کو پامال کیا ہے ۔اس کیفیت میں یوم آزادی کے موقع پررقص کی محفلیں سجا کر غریب پاکستانیوں کو کیا پیغام دیاہے۔
اُنھوں نے کہا کہ ہم نے انگریزوں اور ہندوں سے آزادی اس لیے حاصل کی تھی کہ اس آزاد خطے پر اسلام کی حکمرانی قائم کریں گے اور اسے اسلام کا قلعہ بنائیں گے،لیکن بدقسمتی سے یہاں کے حکمرانوں نے ہمیشہ اس عہد سے وفا نہیں کی اورآزادی کے بعداس ملک کے ساتھ جو سلوک کیا ہے وہ بہت افسوسناک ہے۔انھوں نے کہا کہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی کے لیے مؤثرنظام وضع کرنا حکومت کی اؤلین ذمہ داری ہے،مگرکردار سازی اور تربیت پر حکمرانوں کی توجہ نہیں۔
حکمرانوں نے پاکستان کی اسلامی نظریاتی اساس کا مذاق اڑایا :خالد محمود چوہدری
Aug 22, 2022