لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر (ر) اختر نذیر نے کہا ہے کہ برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی دعویدار حکومت کی جانب سے پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش کے انعقاد کیلئے مالی معاونت نہ کرنا قابل افسوس ہے۔ ایسوسی ایشن نے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے اور برآمدات کے فروغ کو پیش نظر رکھتے ہوئے انتہائی نا مساعد حالات کے باوجود غیر ملکی خریداروں کو ہاسپیٹلٹی پیکج دینے کیلئے اپنے وسائل سے انتظام کیا ہے۔ نمائش میں شرکت کیلئے مختلف ممالک سے بڑی تعداد میں غیر ملکی درآمد کنندگان باضابطہ رجسٹریشن کرا چکے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے دفتر میں پاکستان میں آئندہ ماہ منعقدہونے والی 38ویں عالمی نمائش کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف ، ایسوسی ایشن کے سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، وائس چیئرمین اعجاز الرحمان، سینئر ایگزیکٹو ممبر ریاض احمد، سعید خان ،عثمان اشرف، ملک اکبر سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ میجر (ر) اختر نذیر نے کہا کہ ایسے حالات میں جب معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے برآمدات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور حکومت اقدامات اٹھانے کی بھی دعویدار ہے۔ ایسے میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے منعقدہ عالمی نمائش کیلئے کسی طرح کی مالی معاونت فراہم نہ کرنے پر تشویش ہے ۔ اگر حکومت مالی معاونت فراہم کرتی تو پاکستان آنے والے غیر ملکی خریداروں کو بہترین پیکج دیا جا سکتا تھا جس سے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہونا تھا ۔ امریکہ ، یورپ، آسٹریلیا اورافریقہ سمیت دیگر کئی ممالک سے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کے خریدار وں نے عالمی نمائش میں شرکت کیلئے باضابطہ رجسٹریشن کر ادی ہے اور ان کا پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے نا مساعد حالات کے باوجود وسائل کا انتظام کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس نمائش سے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو تقویٹ ملے گی جس سے برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا ۔
کارپٹ عالمی نمائش :حکومت کا مالی معاونت نہ کرنا افسوس :میجر (ر) اختر نذیر
Aug 22, 2022